گاجر صرف سبزی نہیں ہے اور اگر فروٹ جُوسز کی بات کی جائے تو گاجر کا جُوس دُوسرے بہت سے فروٹس کے جُوسز سے جہاں زیادہ مزیدار ہے وہاں ہماری صحت پر بیشمار اچھے اثرات مرتب کرتا ہے اور اس آرٹیکل میں ہم روزانہ گاجر کا جُوس پینے سے جسم و صحت پر پڑنے والے اُن اثرات کا ذکر کریں گے جنہیں جانکر آپ بھی روزانہ گاجر کا کم از کم ایک گلاس جُوس ضرور پینا چاہیں گے۔
نمبر 1 میٹابولیزم بڑھاتا ہے
گاجر میں شامل وٹامن بی ہمارے جسم کو چربی، پروٹین اور کاربوہائیڈیرٹس کو توانائی میں بدلنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس جُوس میں شامل فائبر ہمارے نظام انہظام کو فعال رکھنے میں مدد کرتی ہے۔
نمبر 2 آنکھوں کی صحت
وٹامن اے ہماری آنکھوں کی صحت کے لیے ایک انتہائی مُفید وٹامن ہے جو آنکھوں کے کلر اور کم روشنی میں آنکھوں کی بینائی کو تیز کرتا ہے، یہ آنکھوں کو بہت سی بیماریوں سے بچاتا ہے خاص طور پر عُمر کے ساتھ کمزور ہونے والی آنکھوں کو طاقتور بناتا ہے اور گاجر کا جُوس وٹامن اے کا خزانہ ہے۔
نمبر3 قوت مدافعت بڑھاتا ہے
گاجر میں ایسے کیروٹینائیڈز شامل ہوتے ہیں جو ہمارے ایمیون سسٹم کو طاقتور بناتے ہیں، یہ ہمارے جسم میں ٹی سیلز کو بڑھانے کا باعث بنتے ہیں اور یہ ٹی سیلز وائٹ بلڈ سیلز کے طور پر ہماری قوت مدافعت کو انفیکشنز کے خلاف لڑنے میں مدد دیتے ہیں، گاجر میں شامل وٹامن سی بھی ایمیون سسٹم کو تقویت دیتا ہے مگر یہ کولڈ وغیرہ کو ختم نہیں کرتا مگر اگر جسم کولڈ کا شکار ہو جائے تو یہ اس بیماری کو تیزی سے ختم کر دیتا ہے۔
نمبر 4 کینسر سے بچاتا ہے
گاجر میں ایسے نیوٹرینٹس شامل ہیں جو اینٹی آکسائیڈینٹ خوبیوں کے حامل ہیں اور یہ خوبیاں جسم کو کینسر سے بچاتی ہیں یہ ہمارے جسم میں فری ریڈیکلز کے حملے کو بے اثر کرتی ہیں اور یہ حملہ اعضا کے کینسر کا باعث بن سکتا ہے۔
نمبر 5 جلد بہتر بناتا ہے
وٹامن سی، اے، کے ہماری جلد کے لیے انتہائی مُفید وٹامنز ہیں اور گاجر ان سب وٹامنز سے بھرپُور غذا ہے اور گاجر کھانے یا اس کا جُوس پینے سے سُورج کی تیز شعاؤں کے حملے سے بچا جا سکتا ہے اس کے ساتھ ساتھ یہ جلد پر عُمر کے بڑھنے کیساتھ پڑنے والے اثرات کو سُست کرتا ہے اور جلد کو جوان اور تروتازہ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
نمبر 6 دماغ کو تقویت دیتا ہے
بیٹا کیروٹین گاجر میں شامل ایک ایسا کیمیا ہے جو ہمارے جسم کو بہت سے فائدے دیتا ہے خاص طور پر یہ ہمارے جسم میں آکسیڈیٹیو سٹریس کو کم کرتا ہے اور یہ سٹریس دماغ کو نقصان پہنچاتی ہے اور یاداشت میں خلل جیسی بیماریوں کو پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے۔
نمبر 7 دل کی حفاظت کرتا ہے
روزانہ گاجر جُوس کا استعمال دل کی بہت سی بیماریوں کو پیدا ہونے سے روکتا ہے، یہ ہمارے بلڈ پریشر کو نارمل رکھنے میں مدد کرتا ہے اور خون سے بُرے کولیسٹرال کا خاتمہ کرتا ہے۔
نمبر 8 حاملہ خواتین کے لیے
حاملہ خواتین کو اپنی خوراک کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ صحت مند بچہ پیدا کر سکیں اور حمل کی پیچیدگیوں سے بچ سکیں، گاجر میں شامل وٹامنز اور منرلز خاص طور پر فولک ایسڈ کیلشیم اور آئرن زچہ اور بچہ دونوں کو صحت مند بناتا ہے۔