گردے اور مثانے کی کمزوری کئی اسباب کی وجہ سے ہو سکتی ہے اور یہ صحت کو کئی طریقے سے نقصان پہنچانے کا باعث بنتی ہے اور اگر وقت پر انکے علاج کی طرف توجہ نہ دی جائے تو یہ بڑی پریشانی کا سبب بنتے ہیں۔ اس آرٹیکل میں مسیح الملک حکیم اجمل جو برصغیر پاک و ہند میں طب ایوردیک اور یونان کے بڑے ماہروں میں سے ہیں کا ایک نسخہ اکسیر شامل کیا جا رہا ہے جو گردے اور مثانے کی کمزوری کا بہترین علاج ہے۔
اسباب اور علامات
طب ایوردیک اور یونان کے ماہرین کے نزدیک گُردے اور مثانے کی کمزوری کی عام وجوہات میں مباشرت کی کثرت، ٹھنڈی چیزوں کا زیادہ استعمال، اُونٹ یا گھوڑے کی سواری یا آجکل موٹر سائیکل یا سائیکل کی زیادہ سواری اور خوراک میں بد احیتاطی وغیرہ سے گُردے اور مثانہ ضیعف ہو سکتے ہیں اور ان کی علامات میں سب سے پہلے قوت باہ میں کمی ہے اور کمر درد کا ظاہر ہونا ہے اور حرکت کرنے سے گُردوں کے مقام پر درد محسوس ہوتا ہے۔
دیگر علامات میں پیشاب کا رنگ بدلنا اور سُرخی مائل ہو جانا، مثانے کی کمزوری کی وجہ سے بار بار پیشاب کی حاجت کا محسوس ہونا اور پیشاب پر قابو ختم ہوجانا جس سے قطرے وغیرہ نکل آتے ہیں اور پاکیزگی جاتی رہیتی ہے۔
نُسخہ اکسیر
حکیم اجمل صاحب کے متعلق مشہور تھا کے وہ نبض دیکھے بغیر صرف مریض کو دیکھ کر جان جاتے تھے کہ اسے کیا تکلیف ہے اور پھر جو ادویات اُس کے لیے تجویز کرتے تھے وہ اُس کے مرض میں شفا کا باعث بنتی تھیں اور یہ نُسخہ اکسیر جو گُردے اور مثانے کی کمزوری کو دُور کرتا ہے حکیم صاحب کی کتاب حاذق میں موجود ہے جسے آپ حاذق کے صفحہ 266 پر دیکھ سکتے ہیں۔
طریقہ علاج
سرکہ 6 ماشہ اور رغن گُل 1 تولہ لیکر اسے باہم ملا لیں اور اس کوصبح شام بکری یا بھیڑ یا اونٹ کے 8 تولہ دودھ میں ملا کر اس میں 4 تولہ شربت بزوری شامل کریں اور صبح شام اسے پیتے رہیں اور اسکے ساتھ ساتھ پنسار سے برنج ساٹھی، بہمن سُرخ اور بہمن سفید، تودری سُرخ اور توردری سفید، سرخ دراچینی، جوز ہندی اور مغز پستہ ہر ایک 3 گرام لے لیں اور مغز بادام 5 دانے اور نبات سفید 2 تولہ لیکر مکس کر لیں اور اچھی طرح پیس کر بکری یا بھیڑ کے دودھ میں شامل کریں اور اس دُودھ کو گاڑھا ہونے تک پکاتے رہیں اور جب گاڑھا ہو جائے تو اسے ٹھنڈا کرکے نہار مُنہ پینا شروع کر دیں اور اس عمل کے ساتھ روزانہ لبوب کبیر یا معجون کلاں (پنسار سے عام مل جائے گا) 5 ماشہ دُودھ کے ہمراہ پینا بہت ہی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
ماہرین طب کے نزدیک گُردے اور مثانے کی کمزور میں معجون الکلیہ 5 ماشہ روزانہ کھانا بھی اس کمزوری کو بہت جلد ختم کرنے کا باعث بنتی ہے۔
پرہیز
موٹر سائیکل اور سائیکل کی بہت زیادہ سواری چھوڑ دیں، مباشرت کی کثرت سے پرہیز کریں، سخت جسمانی مشقت اور بھاری چیزوں کو نہ اُٹھائیں اور شدید ٹھنڈا پانی استعمال کرنے کی عادت بند کر دیں کیونکہ اس سے گُردے اور مثانے جلد کمزور ہوتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ بادی اور ثقیل کھانے چھوڑ دیں اور چاول اور برف سے پرہیز کریں۔
مفید کھانے
حلوان کا گوشت ( بکری اور بھیڑ کے بچے کا گوشت جسکا وزن 3 سے 4 کلو ہو)، اونٹنی کا دُودھ، کلہ پائچہ (بکرے کی سری کی یخنی)، مونگ کی دال، ارہر کی دال، کریلے، انڈہ، دودھ اور میوہ جات میں سے انجیر و انناس اور بکری کے گُردے ہفتے میں کم از کم ایک سے دو دفعہ لازمی کھائیں۔
نوٹ: طب ایوردیک اور یونان کا استعمال اگرچہ صدیوں سے ہو رہا ہے لیکن مرض کی ٹھیک تشخیص کے لیے ڈاکٹر سے لازمی رابطہ کریں کیونکہ پیشاب کی کثرت صرف مثانہ اور گُردہ کی کمزور کی وجہ سے نہیں ہوتی بلکہ اس کے اور بھی اسباب ہو سکتے ہیں جن میں ذیابطیس جیسے مرض بھی شامل ہیں۔