پیاز ہمارے ہر کھانے کا اہم جُز ہے اور پاکستانی باورچی خانوں میں جہاں اسے کھانے کیساتھ پکایا جاتا ہے وہاں بطور سلاد بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔ پیاز اینٹی آکسائیڈینٹس، اینٹی اینفلامیٹری خُوبیوں سے بھرپُور کھانا ہے جس میں موجود وٹامنز اور منرلز ہماری صحت پر انتہائی اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں اور جدید تحقیق کے مُطابق یہ بُرے کولیسٹرال کو پیدا ہونے سے روکتا ہے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں انتہائی مدد گار کھانا ہے اور دل کو تقویت دیتا ہے۔
اس آرٹیکل میں گرمی سے لڑنے کے لیے پیاز کا ایسا استعمال ذکر کیا جائے گا جو گرمی کا توڑ ہے اور اس موسم میں آپ کے اندر ایسی قوت مدافعت پیدا کرے گا جو گرمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کو قدرتی طور پر روکے گا اور آپ کے جسم کو بغیر اے سی کے پُرسکون رکھے گا۔
جسم ٹھنڈا رکھنے کے لیے
جب سُورج سوا نیزے پر آتا ہے تو گرمی سے نڈھال جسم کو ایسے کھانے کی ضرورت ہوتی ہے جو اسے ٹھنڈا رکھ سکے اور ایسے موقع پر ہائیڈریشن اور صحت مند کھانے یہ کام قدرتی طور پر سرانجام دیتے ہیں۔ کُچھ پھلوں اور سبزیوں میں ایسی خصوصیات ہوتی ہیں جو گرمی کے خلاف آپ کی مدد گار ثابت ہوتی ہیں اور پیاز ان میں سے ایک ہے۔
ماہرین طب کے مُطابق پیاز کے اندر ایسا آئل ہوتا ہے جو جسم کے درجہ حرارت کو نارمل رکھنے میں مدد دیتا ہے اس لیے گرمیوں کی دوپہر میں اسے بطور سلاد لازمی استعمال کریں اور اسے باریک کاٹ کر اس کے اوپر لیموں کا رس نچوڑ لیں تاکہ یہ سلاد وٹامن سی کیساتھ آپ کے جسم کو تروتازہ کر دے اور گرمی کے موسم میں اندر سے ٹھنڈا کر دے۔
پیاز ہیٹ سٹروک کا دُشمن ہے
گرمی میں دُھوپ کی شدت سے بُخار ہو جانا عام بات ہے اور جب درجہ حرارت بڑھتا ہے اور ہوا گرم ہو کر لُو کی طرح چلنا شروع کرتی ہے تو یہ جسم کے اندر کئی بیماریوں کو پیدا ہونے کی دعوت دیتی ہے اس لیے گرمی کے موسم میں دوپہر کے وقت باہر جانے سے پہلے ایک پیاز اپنے ساتھ رکھیں اور اس کا رس نکال کر ہاتھوں اور پاؤں کےتلووں پر اچھی طرح مل دیں یہ جسم ہاتھوں اور پیروں سے نکلنے والی حدت میں کمی کا باعث بنے گا اور آپ کے جسم کے درجہ حرارت کو قدرتی طور پر ٹھنڈا رکھنے کا باعث بنے گا۔
موسم کی وجہ سے بدہضمی اور اسہال
گرمیوں میں عام طور پر بدہضمی اور اسہال کیساتھ فوڈ پوائزن جیسی بیماری عام ہو جاتی ہے اور اس موقع پر پیاز ایک بہترین دوا کا کام کرتا ہے، ایک پیاز اور اجوائن کو پیس لیں اور اس کا عرق بنا لیں اور اس میں تھوڑا کالا نمک شامل کر کے روزانہ استعمال کریں یہ پیٹ کی جملہ بیماریوں سے محفوظ رکھے اور آپ کے نظام انہظام کو گرمی کی شدت میں بھی بہترین طریقے سے چلائے گا۔
سر کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے
گرمی کی شدت سے جب سر کے اندر پسینہ آتا ہے تو یہ جہاں سر میں خارش اور خُشکی سکری کا باعث بنتا ہے وہاں بالوں کی صحت کو بھی نقصان پہنچاتا ہے اور اس موسم میں سر کی گرمی اگر دماغ کو چڑھ جائے تو اچھا خاصا آدمی غش کھا جاتا ہے لیکن پیاز ان سب پریشانیوں کا حل ہے۔
پیاز کا رس نکال لیں اور اس میں لیموں کے چند قطرے شامل کر کے سر میں لگا لیں یہ جہاں آپ کے بالوں کو گھنا لمبا اور خُوبصورت بنائے گا وہاں آپ سر کی حدت کو نارمل کرے گا اور گرمی میں سکون کا باعث بنے گا اور نیند کو بہتر بنائے گا۔
نوٹ: اگر آپ پیاز اور لیموں کے رس کو بالوں کی صحت کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اسے ہفتے میں 3 سے 4 دفعہ لازمی استعمال کریں اور چند ہی دفعہ کے استعمال کے بعد آپ کو بہتر نتائج نظر آنا شروع ہو جائیں گے اور اگر گرمی میں فُوڈ پوائزن اور اسہال کی بیماری پیدا ہو رہی ہے تو فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کریں کیونکہ یہ بیماری اگر فوری قابو نہ کی جائے تو جان لیوا بھی ہو سکتی ہے۔