ہوا میں نمی (Humidity) کا تناسب موسم کے بدلنے سے کم اور زیادہ ہوتا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ انسان کی صحت کے لیے یہ تناسب 30 سے 70 فیصد تک ہونا چاہیے مگر اگر یہ 50 سے 60 فیصد کے درمیان ہو تو انسان اپنے آپ کو زیادہ آرام دہ ماحول میں محسوس کرتا ہے۔
سردیوں میں عام طور پرہوا میں نمی کا تناسب کم ہو جاتا ہے اور یہ خُشک اور سرد ہوا ہماری صحت پر اچھے اثرات مرتب نہیں کرتی اس سے ہماری جلد اور ہونٹ بہت جلد خُشک ہو کر پھٹنے لگتے ہیں، یہ ناک اور گلے کو خُشک کر دیتی ہے اور سانس کی بیماریوں کا باعث بنتی ہے، نسیر پُھوٹ سکتی ہے، الرجی اور انفیکشنز میں مُبتلا ہونے کے چانسز بڑھ جاتے ہیں۔
اس آرٹیکل میں ہم 10 ایسے پودوں کو شامل کر رہے ہیں جو ہوا میں نمی کا تناسب بڑھاتے ہیں، آپ ان پودوں کو اپنے گھر کی زینت بنائیں یہ آپ کہ گھر کو خوبصورت بنانے کیساتھ آپ کی صحت کا خیال بھی رکھیں گے۔
نمبر 1 سپائیڈر پلانٹ

گھر کے اندر کی ہوا میں سے خُشکی ختم کرنے کے لیے سپائیڈر پلانٹ ایک بہترین پودا ہے جو نہ صرف ہوا میں نمی پیدا کرتا ہے بلکہ ہوا کی آلودگی خاص طور پر کاربن مونو آکسائیڈ کو صاف کرتا ہے اور اپنے آس پاس کی فضا کو انسان کے لیے صحت مند بناتا ہے۔
نمبر 2 جیڈ پلانٹ

یہ پودا اندھیرے میں نمی چھوڑتا ہے اور سردیوں کے موسم میں جب راتیں لمبی ہوتی ہیں تب اس پودے کو اپنے کمرے کی زینت بنانا ہماری صحت پر بیشمار اچھے اثرات پیدا کرتا ہے اور ہمیں موسمی بیماریوں سے بچانے کا باعث بنتا ہے۔
نمبر 3 اریکا پام

پام کے پودے ہوا میں نمی پیدا کرتے ہیں اور اریکا پام جسے ییلو اور بٹرفلائی پام بھی کہا جاتا ہے ہوا سے خُشکی کا خاتمہ کرنے کے لیے ایک بہترین پودا ہے جو ہوا میں موجود کاربن مونو آکسائیڈ کا لیول بھی کم کرتا ہے۔
نمبر 4 لیڈی پام

لیڈی پام ایک سخت جان پودا ہے جسے ہر طرح کے ماحول میں کم پانی کے باوجود بھی پروان چڑھتا ہے، یہ پودا سُورج کی روشنی کو زیادہ پسند کرتا ہے مگر کم لائٹ میں بھی گُزارا کرنا سیکھ لیتا ہے، آپ اگر اس پودے کو اپنے اپنے گھر میں جگہ دیں گے تو یہ آپ کے گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا اورہوا کو صاف کرنے کیساتھ ہوا میں نمی بھی پیدا کرے گا۔
نمبر 5 ربڑ پلانٹ

پودے ہوا میں نمی کو ایک خاص عمل جسے ایویپوٹرانسپائریشن کہتے ہیں کے تحت بڑھاتے ہیں اور ربڑ پلانٹ اس ٹرانسپائریشن کے عمل کو تیزی سے سر انجام دیتا ہے اور ہوا میں نمی کو بڑھاتا ہے۔
نمبر 6 پیس للی

ہمیشہ سرسبز رہنے والے اس پودے پر سردیوں میں سفید رنگ کے پھُول کھلتے ہیں اور گملے میں یہ عام طور پر 16 انچ تک بڑا ہو جاتا ہے، اسے گھر کے اُن کمروں میں رکھیں جن کا درجہ زیادہ گرم ہو اور جہاں روشنی بھی زیادہ ہو۔
نمبر 7 گولڈن فوٹوز

آپ اسے پانی دینا بھول گئے ہیں یہ بُرا نہیں مانے گا، آپ نے اسے اندھیرے ماحول میں میں رکھا ہے تب بھی یہ اپنا کام کرتا رہے گا اور آپ کی ذرہ سی توجہ سے کھل اُٹھے گا۔
نمبر 8 سنیک پلانٹ

یہ بھی ایک سخت جان پودا ہے جو ہوا میں نمی کو تیزی سے بڑھاتا ہے اور کم روشنی میں بھی پروان چڑھتا رہتا ہے اس لیے آپ اسے گھر کے اُن حصوں میں بھی رکھ سکتے ہیں جہاں اندھیرا ہو۔
نمبر 9 پارلر پام
یہ پودا بھی انتہائی سخت جان ہے جسے زیادہ توجہ کی ضرورت نہیں ہوتی اور شیڈ کے نیچے بھی اگر مناسب پانی ملتا رہے تو آرام سے پروان چڑھتا رہتا ہے اور ہوا میں نمی پیدا کرتا رہتا ہے۔
نمبر 10 سورڈ فرن

اس پودے میں ہوا کو صاف کرنے کی خصوصیات کے ساتھ ہوا میں نمی پیدا کرنے کی صلاحیت بھی ہوتی ہے اور یہ آپ کے بیڈ رومز میں آرام سے پرورش پا سکتا ہے اور آپ کی صحت پر کئی اچھے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔