گردے انسانی جسم میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ دنیا میں سالانہ ہزاروں لوگ گردے کے امراض میں مبتلا ہوکر اپنی قیمتی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔آپ کو یہ جان کر حیرانگی ہو گی کہ پاکستان گردے کے امراض کے لحاظ سے دنیا کاآٹھواں بڑا ملک ہے ۔ پاکستان میں گردے کے امراض میں مبتلا لوگوں کی تعداد میں سالانہ 15 سے 20 فیصد اضافہ ہورہا ہے۔ پاکستان میں ہر 10 میں سے 2 لوگ گردے کی کسی نا کسی بیماری میں مبتلا ہیں۔ اس سے بھی زیادہ خوفناک بات یہ ہے کہ وہ اپنی بیماری کے مطابق بالکل بھی نہیں جانتے اور ان لوگوں کو اس وقت تک پتا نہیں چلتا جب تک بیماری آخری سٹیج تک نہیں پہنچ جاتی۔
اپنے اس آرٹیکل کے ذریعے ہم آپ کو ایسی نشانیوں کے بارے میں بتائیں گے جو یہ ظاہر کرتی ہیں کہ آپ کے گردے ٹھیک کام نہیں کر رہے۔
نیند کی خرابی
خراب گردے ٹا کسنز یعنی زہریلے مادےکو پیشاب کے ذریعے جسم سے نکالنے سے قاصر ہوجاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے یہ ٹاکسنز خون میں موجود رہتے ہیں ۔ جس کی وجہ نیند میں کمی آجاتی ہے۔ اگر آپ مسلسل نیند میں بدسکونی کا شکار ہیں تو یہ علامت گردوں کےمراض میں مبتلا ہونے کی ہو سکتی ہے۔
سر درد، تھکاوٹ اور کمزوری
صحت مند گردے وٹامن ڈی کو فائدہ مند مادوں میں تبدیل کرتے ہیں جو ہڈیوں کومضبوط کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علادہ گردے جسم میں ایسے ہارمون پیدا کرتے ہیں جو خون میں ریڈ بلڈسیلز پیدا کرتے ہیں۔ یہ سیلز خون کے ذریعے جسم کے ہر اعضا کو آکسیجن مہیا کرتے ہیں۔ اگر گردے صحیح کام نہیں کر رہے ہوتے تو جسم میں ریڈ بلڈ سیلز کی تعداد کم ہوجاتی ہے جو اعصابی، جسمانی اور ذہنی تھکاوٹ کا باعث بنتے ہیں ۔ انسان سر درد اور کمزور رہنے لگتا ہے۔ اگر آپ مسلسل آرام اور بھرپور نیند کے باوجود تھکاوٹ اور کمزوری محسوس کرتے ہیں تو بنا کسی تاخیر کے ڈاکٹر ے رجوع کریں۔
خشک جلد اور خارش
صحت مند گردے خون سے اضافی سیال اور زہریلے مادوں کونکالنے ، خون میں ریڈ بلڈ سیلز کی تیاری میں مدد کرنے اور جسم میں معدنیات کی مناسب مقدار کو برقرار رکھنے کا کام کرتے ہیں۔اگر گردے کام کرنا چھوڑ دیں تو جسم میں معدنیات کا مناسب لیول برقرار نہیں رہتا اور خون میں فاضل مادوں کی مقدار بڑھ جاتی ہے ۔ اسکی وجہ سے جلد خشک اور خارش کا شکار ہو جاتی ہے اور جلد پھٹ جاتی ہے۔ اگر آپ کی جلد خشکی اور خارش کا شکار ہےتو آپ پانی کا زیادہ استعمال کریں اور کسی بھی قسم کی میڈیسن لینے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کر لیں۔ کیونکہ کچھ دوائیوں میں ایسے اجزا ہوتے ہیں جو ممکنہ طور پر آپ کے گردے کے فنکشن کو اور بھی زیادہ نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
سانس کی بدبو اور منہ میں کڑوا ذائقہ کا پیدا ہونا
منہ میں مسلسل کڑوا ذائقہ اور سانس میں بدبو کا پیدا ہوجانا خراب گردوں کی علامت ہے۔ مزید یہ کہ اگرگردے اپنا کام چھوڑ دیں تو آپ بھوک کی کمی کا شکار ہو سکتے ہیں جس سے آپکے وزن میں کمی آسکتی ہے۔ اگر آپ منہ میں مسلسل کڑوا ذائقہ محسوس کر رہے ہیں تو آپ کو ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہیے۔
سانس میں کمی
سانس میں کمی کئی اور بیماریوں کا سبب بھی ہو سکتا ہے لیکن اگر آپ گردوں کے امراخ میں مبتلا ہیں تو آپ کو جلد سانس چڑھے گا کیونکہ خراب گردے خون میں ریڈ بلڈ سیلز کی مقدار کم کرنے کا باعث بنتے ہیں جس کی وجہ سے جسم میں آکسیجن کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔
ٹخنوں، پیروں چہرے اور ہاتھوں پر سوجن
گردوں میں خرابی کی وجہ سے خون میں سوڈیم کی مقدار بڑھ جاتی ہے ۔ جس سے ٹخنوں، پیروں، چہرے اور ہاتھوں پر سوجن ظاہر ہو جاتی ہے۔ بعض اوقات دوائیں لینا اور نمک کو کم کرنا آپ کے جسم سے سوجن کو کم کرنے کا باعث بنتا ہے ۔ اگر اس سے مدد نہ ملے تو آپ کو علاج کی ضرورت ہے۔
کمر میں درد ہونا
گردوں کی خرابی کمر درد کا باعث بن سکتی ہے۔ یہ درد کولہوں میں بھی ظاہر ہو سکتا ہے۔ کمر اور پیر کی تکلیف گردے کے امراض کی وجہ سے ہوسکتی ہے گردوں میں پتھری بھی شدید کمر درد کی وجہ بن سکتی ہے۔ گردوں کی خرابی کی وجہ سے ہونے والے کمر درد کے ساتھ ساتھ بخار، قے اور بار بار پیشاب آنے کی بھی تکلیف کا سامنا کرنا پر سکتا ہے۔
پھولی ہوئی آنکھیں
گردوں کے امراض میں مبتلا ہونے کی ابتدائی علامت یہ بھی ہے کہ آنکھوں کے اردگرد کا حصہ پھول جاتا ہے۔ یہ اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ آپ کے گردے کافی مقدار میں پروٹین کو پیشاب کے ذریعے خارج کر رہے ہیں۔ اگر آپ کو یقین ہے کہ آپ کے جسم کو کافی مقدار میں آرام اور پروٹین مل رہا ہے ، لیکن پھر بھی آپ کو اپنی آنکھیں پھولی ہوئی محسوس ہوتی ہیں تو جلد از جلد اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
ہائی بلڈ پریشر
خون کا گردشی نظام گردوں پر انحصار کرتا ہے۔ گردے خون میں موجود فاضل اور زہریلے مادوں کو فلٹر کرتے ہیں ۔ اور اگر آپ ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں تو آپ گردوں کے مرض میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔اس لیئے آپ کو چاہیے کہ آپ ایسی خوراک کا استعمال کریں جو فولک ایسڈ سے بھرپور ہوں۔
پیشاب کی رنگت میں تبدیلی
گردے پیشاب تیار کرنے اور اس کے ذریعے فاضل مادوں کو جسم سے خارج کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ اس کے علاوہ رات کو بار بار پیشاب کا آنا، پیشاب کی رنگت میں تبدیلی، پیشاب کی مقدار میں کمی آنا،پیشاب میں خون کا آنااور پیشاب میں بلبلےیا جھاگ کا بننا بھی گردوں میں خرابی کی وجوہات ہیں۔
اگر آپ کو اوپر بیان کی گئی علامات کا سامنا ہے تو اپنے ڈاکٹر سو گوری رابطہ کریں اور اپنے پیشاب اور خون کے سیمپل کو لینارٹری میں ٹیست لازمی کروائیں۔